پاکستان اور بحرین نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اس عزم کا اظہار آج اسلام آباد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی کی مشترکہ صدارت میں پاکستان بحرین مشترکہ وزارتی کمیشن کے تیسرے اجلاس میں کیا گیا۔
بعد میں نائب وزیراعظم نے مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ وزارتی کمیشن کے تیسرے اجلاس کے قواعد و ضوابط پر دستخط کیے ہیں، جو باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشترکہ ورکنگ گروپس کو فعال کرکے ادارہ جاتی فریم ورک کو مضبوط بنانا اجلاس کی اہم پیشرفت تھی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ فریقین نے تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ، صنعتی شراکت داری، زراعت اور غذائی تحفظ، ہنر کے فروغ، اعلیٰ تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی، نقل و حمل اور بحری امور سمیت کئی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
