آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عالمی امن کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے گفتگو کر رہے تھے، جنہوں نے آج راولپنڈی میں ان سے ملاقات کی۔
فیلڈ مارشل نے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کی خدمات کو بھی اجاگر کیا۔
انہوں نے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی قیادت میں امن، استحکام اور انسانی تعاون کے فروغ کے لیے اقوام متحدہ کے کردار کو سراہا۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سلامتی کی موجودہ صورتحال اور عالمی امن و سلامتی کے فروغ میں اقوام متحدہ کے کردار پر بات چیت کی گئی۔
فریقین نے علاقائی استحکام، جموں و کشمیر کے تنازع، بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے اور افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی پر تبادلہ خیال کیا۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان اور اس کی مسلح افواج کی قربانیوں اور خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے مسلسل عزم کو بھی سراہا۔
انہوں نے علاقائی تنازعات کے پُرامن حل کے لیے پاکستان کی کوششوں کی خصوصی طور پر تعریف کی۔
