قصور میں پاکستان بھارت بین الاقوامی سرحد کے قریب بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کی فائرنگ سے دو پاکستانی شہری شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق لادھر گاؤں کے تین مقامی رہائشی سرحدی ستون سے چند قدم آگے گئے تھے کہ بی ایس ایف اہلکاروں نے بغیر کسی وارننگ کے ان پر فائرنگ کردی۔
ذرائع کے مطابق تینوں شہری غیر مسلح تھے۔ فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد شہید جبکہ ایک زخمی ہوا۔
شہید ہونے والوں کی شناخت عظمت رسول ولد عطااللہ اور محسن جٹ کے نام سے ہوئی ہے، دونوں جٹاں والی حویلی، لادھر کے رہائشی تھے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں افراد نے سرحدی باڑ عبور کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی تھی۔
ذرائع کے مطابق یہ واقعہ پاک بھارت بین الاقوامی سرحد سے متعلق معاہدے اور طے شدہ ضابطہ کار کی خلاف ورزی ہے۔
سکیورٹی ذرائع نے مزید کہا کہ بھارتی میڈیا نے واقعے کو مختلف انداز میں پیش کرتے ہوئے شہید ہونے والے پاکستانی شہریوں کو مبینہ درانداز قرار دیا۔
