پاک فوج نے آج فتح تھری سپرسونک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے، جو ملکی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کی جانب ایک اور اہم سنگ میل ہے۔
یہ میزائل جدید نیویگیشن اور پروپلشن سسٹمز سے لیس ہے اور سپرسونک رفتار سے طویل فاصلے پر موجود اہداف کو انتہائی درستگی اور مؤثر صلاحیت کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
فتح تھری میزائل پاک فوج کی راکٹ فورس کمانڈ کی آپریشنل لچک اور ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ کرے گا، جس سے ملک کی مجموعی روایتی دفاعی صلاحیت اور دفاعی حکمت عملی مزید مضبوط ہوگی۔
میزائل کے کامیاب تجربے کا مشاہدہ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ، پاکستان کی مسلح افواج کے سینئر افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا۔
صدر مملکت، وزیراعظم پاکستان، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے فتح تھری میزائل کے کامیاب تجربے کو سراہا۔
انہوں نے پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کی ترقی میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کرنے پر اس منصوبے سے وابستہ تمام افراد کی لگن، محنت اور عزم کو خراج تحسین پیش کیا۔
