مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل سے متعلق پاکستان کے دیرینہ مؤقف کی بھارتی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے بھی تائید کردی۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت پختہ یقین رکھتا ہے کہ پائیدار امن کے لیے مسئلہ فلسطین کا دو ریاستی حل ضروری ہے۔
بھارتی وزیر خارجہ کا یہ بیان پاکستان کے اس مستقل مؤقف سے ہم آہنگ ہے جس کے تحت پاکستان مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے ایک آزاد، خودمختار اور قابلِ عمل فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتا ہے۔
پاکستان متعدد مواقع پر واضح کرچکا ہے کہ پائیدار امن کے لیے فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کو تسلیم کرتے ہوئے 1967 سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر آزاد فلسطینی ریاست قائم کی جائے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔
یوں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھارتی وزیر خارجہ کی جانب سے دو ریاستی حل کی حمایت کو مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے مؤقف سے ہم آہنگ اہم بیان قرار دیا جا رہا ہے۔
