کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اوراسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے سربراہ جناب پیر و مرشد عبدالصمد انقلابی نے تحریکِ اسلامی کے عالمی مرکزی رہنما، ممتاز عالمِ دین، مربی، مصنف اور دینی و تحریکی شخصیت حافظ محمد ادریس صاحب کے انتقال کی خبر پر پیر عبدالصمد انقلابی نے گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
پیر عبدالصمد انقلابی نے مرحوم کے اہلِ خانہ، عزیز و اقارب، رفقاء، وابستگان اور تحریکِ اسلامی سے وابستہ تمام افراد کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حافظ محمد ادریس صاحب کی وفات دینی، دعوتی اور تحریکی حلقوں کے لیے ایک بڑا صدمہ ہے۔
حافظ محمد ادریس صاحب اُن اہلِ علم و عمل میں شمار ہوتے تھے جنہوں نے اپنی زندگی دین کی خدمت، دعوتِ اسلامی، اصلاحِ معاشرہ اور اقامتِ دین کی جدوجہد کے لیے وقف کیے رکھی۔ وہ نہ صرف ایک صاحبِ علم اور صاحبِ قلم شخصیت تھے بلکہ تحریکِ اسلامی کے ایک معروف رہنما، مربی اور فکری و دعوتی خدمات انجام دینے والے بزرگ تھے۔
ان کی علمی زندگی کا ایک قابلِ ذکر پہلو یہ بھی ہے کہ مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ کی فرمائش پر انہوں نے ’’تفہیم القرآن‘‘ کے اشاریے/انڈیکس کی تیاری میں اہم خدمت انجام دی۔ ان کی علمی، تحریکی اور تصنیفی خدمات ان کے لیے ایک قیمتی علمی و دینی سرمایہ ہیں۔
پیر عبدالصمد انقلابی نے کہا کہ حافظ محمد ادریس صاحب نے اپنی پوری زندگی جس مقصد اور مشن کے لیے وقف کی، اسے محض ایک پیشہ یا معمولِ زندگی نہیں بلکہ ایک امانت سمجھ کر نبھایا۔ اقامتِ دین کی سعی میں انہوں نے اپنی زندگی کی توانائیاں صرف کیں اور اپنے پیچھے علم، دعوت، تربیت اور تحریکی جدوجہد کی ایک قابلِ قدر روایت چھوڑی۔
انہوں نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں وہ مرحوم کے تمام اہلِ خانہ، رفقاء اور دنیا بھر میں تحریکِ اسلامی سے وابستہ افراد کے ساتھ برابر کے شریکِ غم ہیں۔ بلاشبہ ایسے اہلِ علم و دعوت کی جدائی ایک بڑا خلا پیدا کرتی ہے، لیکن اہلِ ایمان کے لیے موت اختتام نہیں بلکہ اپنے رب کی طرف واپسی کا مرحلہ ہے۔
پیر عبدالصمد انقلابی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے جن بندگانِ دین کو اپنی راہ میں زندگی گزارنے کی توفیق عطا فرمائی، ان کے لیے دنیا کی جدوجہد آخرت کی دائمی کامیابی کی تیاری بن جاتی ہے۔ حافظ محمد ادریس صاحب نے بھی اپنی زندگی علم، دعوت، تربیت اور اقامتِ دین کی جدوجہد میں بسر کی؛ اب وہ اپنے رب کے حضور حاضر ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کی اس محنت کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے اور ان کے لیے آخرت میں بہترین اجر کا فیصلہ فرمائے۔
پیر عبدالصمد انقلابی نے اللہ رب العزت کے حضور دعا کی کہ وہ حافظ محمد ادریس صاحب کی کامل مغفرت فرمائے، ان کی قبر کو نور سے منور فرمائے، درجاتِ عالیہ عطا فرمائے، ان کی دینی و تحریکی خدمات کو صدقۂ جاریہ بنائے اور تمام سوگواران، اہلِ خانہ، رفقاء اور تحریکِ اسلامی سے وابستہ احباب کو صبرِ جمیل اور اجرِ عظیم عطا فرمائے۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کی زندگی بھر کی علمی، دعوتی اور تحریکی کاوشوں کو قبول فرمائے اور انہیں اپنی رحمتِ واسعہ میں جگہ عطا فرمائے۔
(آمین ثم آمین یا رب العالمین۔)
