آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی انتظامات کی مؤثر نگرانی اور ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
اسلام آباد میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے آئی جی نے وفاقی دارالحکومت کی صورتحال، سیکیورٹی انتظامات، امن و امان اور پولیس کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔
اجلاس میں آن لائن ہراسانی، غیر قانونی آن لائن سرگرمیوں اور ریاست مخالف پروپیگنڈے کے خلاف اقدامات بھی زیرِ غور آئے۔ آئی جی نے ایسے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی اور سائبر پٹرولنگ مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔
دریں اثنا، ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے آبپارہ اور کوہسار تھانوں کا دورہ کیا اور شہریوں کی شکایات سن کر ان کے بروقت ازالے کی ہدایت کی۔ انہوں نے زیرو پوائنٹ چیک پوسٹ پر سیکیورٹی اور چیکنگ کے عمل کا بھی جائزہ لیا۔
بعد ازاں پولیس لائنز میں اسلام آباد پولیس کے شہدا کے بچوں کے لیے تفریحی پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں آئی جی اسلام آباد نے شرکت کی اور بچوں کے ساتھ وقت گزارا۔
