وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں کشمیر انڈر پاس کا افتتاح کر دیا

وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے کشمیر انڈر پاس کا افتتاح کر دیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے وزیر داخلہ اور ان کی ٹیم کو صرف 27 دن میں منصوبہ مکمل کرنے پر سراہا اور اسے ایک منی معجزہ قرار دیا۔

وزیراعظم نے بتایا کہ 500 میٹر طویل انڈر پاس کے ساتھ چار کلومیٹر سڑکوں کا نیٹ ورک بھی تعمیر کیا گیا ہے۔ منصوبے کے اطراف ہزاروں درخت لگائے گئے ہیں جبکہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے دو یادگاریں بھی تعمیر کی گئی ہیں۔

شہباز شریف کے مطابق یہ منصوبہ ایک ارب 45 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے اور ٹھیکے کی فراہمی میں مکمل شفافیت برقرار رکھی گئی۔

اس موقع پر وزیر داخلہ نے اسلام آباد کو سرسبز اور بہتر شہر بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ آئندہ 10 سے 12 روز میں وفاقی دارالحکومت میں تین سے چار بڑے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایشیا کے سب سے بڑے سفاری پارک پر کام آئندہ سال جنوری میں شروع ہونے کا امکان ہے جبکہ جناح کنونشن سینٹر پر کام اگلے 15 روز میں شروع کیا جائے گا۔

وزیر داخلہ نے مزید بتایا کہ اسلام آباد میں کرکٹ اسٹیڈیم کا سنگ بنیاد رکھنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کو دعوت دی جائے گی۔ اس کے علاوہ ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو میں ایک معروف چین کا فائیو اسٹار ہوٹل قائم کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

↑
Exit mobile version