شوگر مل مالکان گنے کے کاشتکاروں کو بروقت ادائیگیاں یقینی بنائیں، رانا تنویر

وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے شوگر مل مالکان کو گنے کے کاشتکاروں کو بروقت ادائیگیاں یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ 

رانا تنویر حسین اسلام آباد میں شوگر ایڈوائزری بورڈ کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، جس میں ملک میں چینی کی مجموعی سپلائی، دستیاب ذخائر اور ملکی ضروریات کا جائزہ لیا گیا۔ 

وفاقی وزیر نے کہا کہ کسان زرعی معیشت کا اہم ستون ہیں، اس لیے کسانوں اور شوگر انڈسٹری کے مفادات میں متوازن تعلق برقرار رکھنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ چینی کی برآمد کی اجازت دینے کا فیصلہ ملکی ضروریات اور دستیاب چینی کے ذخائر کا محتاط جائزہ لینے کے بعد کیا گیا۔

رانا تنویر حسین نے کسانوں کے تحفظ، غذائی تحفظ برقرار رکھنے اور شوگر سیکٹر کی متوازن اور پائیدار ترقی کے لیے حکومتی عزم کا اعادہ بھی کیا۔

Exit mobile version