سالک حسین کا پاکستانی کارکنوں کیلئے یورپی لیبر مارکیٹ تک زیادہ رسائی کا مطالبہ

سمندرپارپاکستانیوں کے وزیر چودھری سالک حسین نے پاکستانی ہنرمند اور نیم ہنرمند کارکنوں کیلئے یورپی لیبر مارکیٹ تک زیادہ رسائی کا مطالبہ کیا ہے۔

یہ بات انہوں نے انٹرنیشنل سنٹر فار مائیگریشن پالیسی ڈویلپمنٹ کی ڈائریکٹر جنرل Susanne Raab سے اسلام آباد میںملاقات کے دوران کہی۔

چودھری سالک حسین نے کہا کہ پاکستان کے پاس ہنرمند کارکنوں کی بڑی تعداد موجود ہے جو یورپی ممالک میں افرادی قوت کی کمی کو پورا کرنے میں مدد دے سکتی ہے، اگر انہیں بیرون ملک روزگار کے مواقع سے منسلک کرنے کیلئے مناسب طریقہ کار وضع کئے جائیں۔

انہوں نے یورپی یونین پاکستان ٹیلنٹ پارٹنرشپ کے تحت پائلٹ موبیلیٹی پروگرامز، مشترکہ تربیتی اقدامات اور سینٹرز آف ایکسی لینس قائم کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ پاکستانی کارکنوں کیلئے زیادہ منظم روزگار کے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔

Susanne Raab نے محفوظ، منظم اور قانونی نقل مکانی، مہارتوں کی ترقی اور طلب پر مبنی افرادی قوت کی نقل و حرکت سے متعلق پاکستان کی تجاویز کا خیرمقدم کیا۔

انہوں نے حکومت پاکستان کے ساتھ تعاون مزید مستحکم بنانے اور افرادی قوت کی ترقی اور قانونی نقل مکانی کے فروغ کیلئے اقدامات پر مشترکہ طور پر کام کرنے کیلئے آمادگی کا اظہار کیا۔

Exit mobile version