’’اس بار چین نے بندرگاہ کو ہماری دہلیز تک پہنچا دیا‘‘ سی آئی آئی ای میں باقاعدگی سے شریک پاکستانی تاجر کے تاثرات

’’سی آئی آئی ای ایکسپریس‘‘ پالیسی کے تحت عالمی سطح پر پہلی بار متعارف کرائے جانے والے زیورات کے ایک نئے مجموعے، جس میں ملاپ اور تسلسل کی مشرقی تہذیبی علامتیں نمایاں ہیں، کو شہر کے وسط میں واقع ایک گودام سے براہ راست شنگھائی کے قومی نمائش و کنونشن مرکز منتقل کیا گیا، جہاں چین کی 9 ویں بین الاقوامی درآمدات نمائش (سی آئی آئی ای) کے لئے اسے تیزی سے نمائش کے مقام پر پہنچایا گیا۔
ایسی ”چینی رفتارنے پاکستانی نمائش کنندہ اور سی آئی آئی ای کے پرانے دوست لی لونگ (عقیل چوہدری) کو ایک بار پھر حیران کر دیا۔
درآمد شدہ زیورات اور دیگر فیشن مصنوعات کی نمائش کی نوعیت دوہری ہوتی ہے، کیونکہ یہ نئی مصنوعات بھی ہوتی ہیں اور نمائش کے لئے پیش کردہ اشیاء بھی۔ ان کی نقل و حمل اور نمائش کے دوران قیمتی اشیاء سے متعلق ضابطوں پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ نمائش کے سٹالز کی فوری تیاری، اشیاء کی آسان نقل و حرکت اور مارکیٹ میں نئی مصنوعات متعارف کرانے کی ضروریات کو بھی پورا کرنا ہوتا ہے۔
اس سال ’’سی آئی آئی ای ایکسپریس‘‘ کے تحت شنگھائی کسٹمز نے گزشتہ نمائشوں میں متعارف کرائی گئی سہولتوں، مثلاً ٹیکس میں رعایت اور یکساں ضمانتی پالیسیوں کو برقرار رکھتے ہوئے نمائش کے لئے آنے والی اشیاء کی نگرانی اور خدمات کو مزید بہتر بنایا ہے۔ کسٹمز کلیئرنس کے نظام کو بھی جدید بنایا گیا ہے، جس کے تحت ’’ایک ہی جگہ کسٹمز ڈیکلریشن، پورے عمل کے دوران بلاتعطل نگرانی اور گوداموں کے درمیان دوطرفہ سامان کی ترسیل‘‘ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ اس طرح بیرون ملک سے آنے والی اشیاء کے لئے درآمدی ڈیکلریشن، فوری معائنے، بانڈڈ گوداموں میں ذخیرہ کرنے، پیشگی نمائش اور نمائش گاہ تک منتقلی سمیت تمام مراحل کو مربوط بنایا گیا ہے، جبکہ ’’نمائشی اشیاء‘‘ کو فروخت کے لئے عام ’’سامان‘‘ میں تبدیل کرنے کا عمل بھی زیادہ آسان بنا دیا گیا ہے۔
’’سی آئی آئی ای ایکسپریس‘‘ کی سہولتوں کے تحت نمائشی اشیاء شہر کے وسط میں واقع بانڈڈ گودام سے شنگھائی کے قومی نمائش و کنونشن مرکز تک صرف 35 منٹ میں پہنچائی جا سکتی ہیں، جبکہ متعلقہ کارروائیوں کو 50 فیصد سے زیادہ آسان بنا دیا گیا ہے۔
لی، جنہوں نے اس سال پہلی مرتبہ ’’سی آئی آئی ای ایکسپریس‘‘ کی سہولت استعمال کی، نے بتایا کہ ’’ہمارے قیمتی پتھروں اور ہاتھ سے تیار کردہ زیورات کی نقل و حمل اور ذخیرہ کرنے کے لئے خصوصی انتظامات درکار ہوتے ہیں۔ ماضی میں نمائش کے لئے اشیاء کئی ماہ پہلے ڈیوٹی ادا کرکے درآمد کرنا پڑتی تھیں، جس سے بڑی رقم طویل عرصے تک پھنسی رہتی تھی۔ فروخت نہ ہونے والی اشیاء واپس بھیجنا پڑتی تھیں، جبکہ نمائش کے دوران انہیں کئی مرتبہ ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنا پڑتا تھا، جس سے ہمیں ہمیشہ کسی نقصان یا حادثے کا خدشہ رہتا تھا۔ اس بار ’سی آئی آئی ای ایکسپریس‘ کے ذریعے یہ عمل زیادہ تیز، محفوظ اور آسان ہو گیا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اس بار چین نے کمپنیوں کے دروازے پر ”بندرگاہ” پہنچا دی ہے۔
’’گودام میں پہنچتے ہی سامان رکھا جاتا ہے اور وہیں نمائش کے لئے پیش کر دیا جاتا ہے۔‘‘ اس طریقہ کار نے اعلیٰ معیار کے زیورات کی شنگھائی منڈی تک رسائی کے لئے ایک موثر اور محفوظ نیا راستہ فراہم کیا ہے۔ اس کے تحت نمائش شروع ہونے سے پہلے ہی کلیکٹرز اور تجارتی خریدار زیورات کا معائنہ کر سکتے ہیں اور پیشگی مذاکرات بھی کر سکتے ہیں، جس سے سی آئی آئی ای کے فوائد تقریباً نصف ماہ پہلے ہی حاصل ہونے لگتے ہیں۔
لی نے کہا کہ ’’اشیاء کے پیشگی معائنے‘‘ کے اس نظام کے ذریعے نئی مصنوعات کو چینی مارکیٹ میں متعارف کرانے کا دورانیہ اب صرف نمائش گاہ میں موجود 6 دنوں تک محدود نہیں رہا۔ 20 سے 22 اکتوبر تک ہونے والی پیشگی نمائش کے دوران کئی زیورات کے شوقین افراد اور تجارتی شراکت دار خصوصی طور پر وہاں آئے اور سی آئی آئی ای میں پہلی بار عالمی سطح پر متعارف کرائے جانے والے زیورات کے نئے مجموعے کے حوالے سے ابتدائی طور پر کئی کاروباری معاہدوں پر اتفاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’نتائج ہماری توقعات سے بڑھ کر رہے اور ہمیں چین میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھانے میں مدد ملی۔‘‘
لی کے خیال میں چین میں کاروبار کرنے والی غیر ملکی کمپنیوں کے لئے سرمایہ کاری کا دباؤ اور ادارہ جاتی اخراجات بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق بانڈڈ گوداموں میں اشیاء کی نمائش کے ذریعے پہلے مارکیٹ کی طلب کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے اور پھر کاروباری معاہدوں کے مطابق سرمایہ کاری کی جا سکتی ہے۔ اس طرح یہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لئے کم خطرے کے ساتھ چینی مارکیٹ میں داخلے کا ایک ذریعہ بن جاتا ہے۔
لی نے بتایا کہ عالمی سطح پر پہلی بار متعارف کرائے جانے والے زیورات کے اس مجموعے میں مغل دربار کے ہاتھ سے نقش و نگار بنانے کے روایتی فن اور کانوں سے حاصل کئے گئے رنگین قیمتی پتھروں کا استعمال کیا گیا ہے۔ ہر زیور کی تیاری میں ہاتھ سے کئی سو گھنٹے محنت درکار ہوتی ہے۔ ان کے نقش و نگار میں مشرقی تہذیب کے ملاپ اور تسلسل کی علامتوں کو خصوصی طور پر شامل کیا گیا ہے، جس سے چین اور پاکستان کی قدیم تہذیبیں ایک ہی فن پارے میں یکجا ہو جاتی ہیں۔
کئی برسوں سے سی آئی آئی ای میں شرکت کرنے والے لی کا سب سے بڑا تاثر یہ ہے کہ سی آئی آئی ای نے کاروباری اداروں کو ’’چین میں قدم رکھنے‘‘ سے آگے بڑھ کر ’’چین میں ترقی کرنے‘‘ کا موقع فراہم کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 2019 میں دوسری سی آئی آئی ای میں پہلی بار شرکت کے دوران چینی مارکیٹ میں غیر معمولی جوش و خروش دیکھ کر انہوں نے فوری طور پر شنگھائی کی معروف تجارتی شاہراہ نان جنگ روڈ پر اپنا سٹور کھول لیا تھا۔
اب ان کے برانڈ ’’ونزا‘‘ کے کئی سٹورز قائم ہو چکے ہیں اور کمپنی نئے بانڈڈ ماڈل کے ذریعے اپنی مصنوعات کی مارکیٹ کو مزید وسعت دے رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی دوبارہ خریداری اور صارفین کی جانب سے دوسروں کو مصنوعات تجویز کرنے کی شرح میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
لی نے کہا کہ ’’میرے نزدیک 4 پتوں والی شاخ کا نشان صرف سی آئی آئی ای کے وسیع پلیٹ فارم کی علامت نہیں بلکہ یہ ان عالمی کمپنیوں کی بھی نمائندگی کرتا ہے جو چین کے ساتھ گہرے روابط قائم کرنا چاہتی ہیں۔‘‘ ان کے خیال میں چین میں کاروباری مواقع صرف اس کی وسیع منڈی تک محدود نہیں بلکہ اس کی کھلی معیشت اور پالیسیوں میں پیش گوئی کے قابل تسلسل بھی ان کی اہمیت بڑھاتا ہے۔ کسٹمز کلیئرنس کے آسان طریقہ کار اور واضح قواعد و ضوابط وہ یقین دہانی ہیں جن کی غیر ملکی چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو سب سے زیادہ ضرورت ہے۔
لی نے کہا کہ چین کے کھلے پن کا دروازہ مسلسل وسیع ہو رہا ہے اور انہیں اس عمل کا عینی شاہد ہونے پر فخر ہے۔

↑
Exit mobile version