
پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے اثرات کم کرنے کے لیے وزیراعظم کی خصوصی ریلیف اسکیم
وزیراعظم شہباز شریف نے مشرقِ وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات عوام تک منتقل ہونے سے روکنے کے لیے خصوصی ریلیف اسکیم کا آغاز کردیا۔
وزیراعظم کے مطابق اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ، چنگ چی رکشہ اور 800 سی سی تک گاڑیوں کے صارفین کو پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف دیا جائے گا۔
موٹر سائیکل، رکشہ، چنگ چی اور دیگر دو اور تین پہیوں والی سواریوں کے صارفین کو ماہانہ 20 لیٹر تک پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف ملے گا، جبکہ 800 سی سی تک چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ 30 لیٹر تک پٹرول پر یہی ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے بتایا کہ اسکیم کا نفاذ اسلام آباد میں پیر اور منگل کی درمیانی شب سے ہوگا، جبکہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب اسے آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت ملک کے دیگر حصوں تک توسیع دی جائے گی۔
خصوصی ریلیف اسکیم کے لیے رجسٹریشن آج سے شروع ہوگئی ہے، جبکہ طریقہ کار سے عوام کو آگاہی مہم کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے باعث عوام کو درپیش مشکلات سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور مشکل وقت میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔














