وزیر خزانہ کا پاسکو اور یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی بندش پر پیش رفت کا جائزہ

اسلام آباد میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت پاکستان ایگریکلچرل اسٹوریج اینڈ سروسز کارپوریشن (PASSCO) اور یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن (USC) کی بندش کے عمل میں پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ملازمین کی ادائیگیوں اور تصدیق شدہ واجبات کی ادائیگی میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، جبکہ آڈٹ اور تصدیق کے ضروری نظام بھی موجود ہیں۔

اجلاس میں یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش کے بعد باقی ماندہ اسٹاک کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ بتایا گیا کہ برانڈڈ اور دیگر اشیائے خورونوش کی بڑی مقدار واپس کی جا چکی ہے یا مقررہ طریقہ کار کے تحت تلف کی گئی ہے، جبکہ باقی اسٹاک کی کارروائی جاری ہے۔

متحرک اثاثوں، ریکس، آئی ٹی آلات اور گاڑیوں کی نیلامی یا منتقلی کے امور بھی زیر بحث آئے۔ وزیر خزانہ نے یو ایس سی سے متعلق جاری مقدمات کا بھی نوٹس لیا اور قانونی، مالی اور انتظامی تقاضے بندش کے عمل کے ساتھ مکمل کرنے پر زور دیا۔

اجلاس میں پاسکو کی بندش کے عمل، مختلف صوبوں میں موجود اسٹاک اور اسے منتقل کرنے کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیر خزانہ نے صوبائی حکام کے ساتھ قریبی رابطے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ان معاملات کی وجہ سے مجموعی بندش کے عمل میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔

Exit mobile version