پاکستان نے حالیہ تباہ کن سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے بعد امدادی سرگرمیوں میں معاونت کے لیے نیپال کو 100 ٹن انسانی امداد روانہ کر دی ہے۔
قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے تعاون سے امدادی سامان وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر چارٹرڈ پرواز کے ذریعے اسلام آباد سے کھٹمنڈو روانہ کیا گیا۔
امدادی سامان میں متاثرہ آبادیوں کے لیے خیمے، کمبل، چٹائیاں، حفظانِ صحت کی کٹس اور ادویات شامل ہیں۔
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امدادی سامان روانہ کرنے کے حوالے سے تقریب بھی منعقد ہوئی۔ وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں پاکستان میں نیپال کے سفیر، وزارتِ خارجہ، این ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ اداروں کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔
پاکستان کی جانب سے یہ امدادی معاونت حالیہ مشکل صورتحال میں نیپال کی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار ہے۔
