صدر، وزیراعظم اور سروسز چیفس کا مسلح افواج کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت

صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر پاکستان کی مسلح افواج کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

اپنے الگ الگ پیغامات میں صدرِ مملکت اور وزیراعظم نے کہا کہ 6 ستمبر ہمیں یاد دلاتا ہے کہ جب کوئی قوم اپنی آزادی، خودمختاری اور وطن کے دفاع کے لیے متحد ہو جائے تو کوئی طاقت اس کے عزم کو شکست نہیں دے سکتی۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ 6 ستمبر 1965ء کو پاکستانی قوم اور مسلح افواج نے جس اتحاد اور جذبۂ ایمانی کا مظاہرہ کیا، وہ ہماری اجتماعی قوت کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو تسلیم کرنا چاہیے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کشمیر کے مسئلے کے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کے بغیر ممکن نہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم اقدامات جاری رکھے گی، جبکہ اقتصادی ترقی، سیاسی استحکام اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے بھی پیش رفت جاری رکھی جائے گی۔

چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف، ایئر چیف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے بھی یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر مسلح افواج کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق پاکستان کے شہداء عزت، فرض اور قربانی کی اعلیٰ ترین اقدار کی علامت ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

Exit mobile version