اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کثیرالجہتی سفارت کاری میں پاکستان کے تعمیری اور اصولی کردار کو سراہتے ہوئے علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کی کاوشوں کی تعریف کی ہے۔
انہوں نے یہ خیالات ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان مملکت کے اجلاس کے موقع پر ملاقات کے دوران ظاہر کیے۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے آئندہ اجلاس کی تیاریوں اور سلامتی کونسل میں جاری امور پر تبادلہ خیال کیا۔
اسحاق ڈار نے عالمی چیلنجز سے نمٹنے اور مؤثر کثیرالجہتی نظام کے فروغ میں اقوام متحدہ کے کردار کو آگے بڑھانے کے لیے سیکرٹری جنرل کی قیادت کو سراہا۔
ڈپٹی وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے ساتھ پاکستان کے مضبوط عزم اور دیرینہ شراکت داری کا اعادہ کیا۔
اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی، جسے انتونیو گوتریس نے قبول کر لیا۔ دورے کی تاریخوں کو حتمی شکل دینے کے لیے دفتر خارجہ پاکستان، اقوام متحدہ کے سیکرٹریٹ کے ساتھ رابطہ کاری کرے گا۔
