وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ تہران میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ہونے والی ملاقات میں اہم پیشرفت ہوئی اور ملاقات انتہائی مثبت ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں محسن نقوی نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ان کی ایرانی صدر سے انتہائی مثبت اور نتیجہ خیز ملاقات ہوئی۔
وزیر داخلہ کے مطابق ملاقات میں ایران امریکا تنازع، مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی بحالی کے لیے دونوں جانب سے درکار اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی، جس کا مقصد تنازع کے جامع حل کی جانب پیش رفت کرنا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ ایرانی صدر نے اپنی حکومت کے مؤقف اور تحفظات کھل کر بیان کیے، جبکہ فریقین کے درمیان زیرِ بحث معاملات پر تعمیری تبادلہ خیال ہوا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ مثبت پیش رفت خطے میں مزید پیشرفت اور پائیدار امن کی راہ ہموار کرنے میں مدد دے گی۔
