
قومی
پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کی کامیاب میزبانی کیلئے پرعزم ہے، نائب وزیراعظم
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کی کامیاب میزبانی اور اعلیٰ معیار کے انتظامات یقینی بنانے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔
وہ اگلے سال پاکستان میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے حوالے سے اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
اسحاق ڈار نے اجلاس کی ہموار، منظم اور کامیاب میزبانی یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی رابطے پر زور دیا۔
اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے نے مختلف ترقیاتی اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔
نائب وزیراعظم نے جاری تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو تمام انتظامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔















