نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان اور فرانس کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
وہ آج اسلام آباد میں فرانس کے سفیر نکولس گلے سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے، جنہوں نے نائب وزیراعظم سے الوداعی ملاقات کی۔
اسحاق ڈار نے باہمی دلچسپی کے دوطرفہ اور علاقائی امور پر اعلیٰ سطحی روابط، مذاکرات اور مسلسل رابطہ کاری کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
نائب وزیراعظم نے فرانسیسی سفیر نکولس گلے کو اپنی ذمہ داری مکمل کرنے پر مبارکباد دی اور پاکستان اور فرانس کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں ان کی خدمات کو سراہا۔
اس موقع پر فرانسیسی سفیر نکولس گلے نے اپنے دورِ سفارت کے دوران تعاون اور حمایت فراہم کرنے پر نائب وزیراعظم اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
