شمالی وزیرستان کی سیکیورٹی صورتحال اور عوامی مسائل پر جرگہ، باہمی مشاورت سے مسائل حل کرنے پر اتفاق
میران شاہ میں جی او سی 7 ڈویژن میجر جنرل وسیم عارف نے وزیرستان کے قبائلی عمائدین، علمائے کرام اور کمیونٹی رہنماؤں کے ساتھ اہم جرگہ منعقد کیا، جس میں علاقے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال، امن و امان کے قیام اور مقامی آبادی کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
جرگے کے دوران میجر جنرل وسیم عارف نے امن و استحکام کے فروغ میں سیاسی و قبائلی عمائدین اور علمائے کرام کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے عوامی مسائل کے حل کے لیے باہمی مشاورت، تعاون اور ہر ممکن معاونت کی یقین دہانی بھی کرائی۔
اس موقع پر قبائلی عمائدین نے علاقے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پاک فوج کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھنے اور مشترکہ کوششوں کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
جرگے کے اختتام پر شرکا نے باہمی تعلقات، تعاون اور امن کے فروغ کے لیے جاری کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
