بلوچستان کی خواتین ارکانِ اسمبلی نے نوشکی میں فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کی جانب سے دو بے گناہ خواتین کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔
کوئٹہ میں آج مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزراء راحیلہ حمید درانی، مینا مجید اور ہادیہ نواز بہرانی، جبکہ بلوچستان اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر غزالہ گولا نے کہا کہ دہشت گرد اب خواتین کو بھی نشانہ بنا رہے ہیں، جو انتہائی قابلِ مذمت ہے۔
خواتین ارکانِ اسمبلی نے کہا کہ حکومت پورے صوبے میں تعلیم کے فروغ، صحت کی سہولیات میں بہتری اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں کے خلاف کسی بھی قسم کے تشدد اور انتہاپسندی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔