نائب وزیراعظم کی آئندہ سال ایس سی او سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد کے لیے بین الوزارتی رابطوں پر زور

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے آئندہ سال پاکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہانِ مملکت کونسل کے اجلاس کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام وزارتوں کے درمیان قریبی رابطوں اور جامع انتظامات یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔

انہوں نے یہ ہدایات آج اسلام آباد میں ایس سی او فالو اَپ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔

اجلاس میں 2026-27ء کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ مملکت کونسل کی پاکستان کی صدارت اور آئندہ سال اسلام آباد میں منعقد ہونے والے سربراہی اجلاس کی تیاریوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

نائب وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں اور محکموں کو ہدایت کی کہ کمیٹی کے فیصلوں پر عمل درآمد کا عمل تیز کیا جائے اور تفویض کردہ ذمہ داریوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔

اجلاس میں وزیر خزانہ، وزیر قانون و انصاف، وزیر اقتصادی امور، وزیر مملکت برائے داخلہ، معاون خصوصی طارق باجوہ، اسپیشل سیکریٹری خزانہ، چیئرمین سی ڈی اے سمیت متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

↑
Exit mobile version