حکومت کی تمام تر توجہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر مرکوز ہے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے ارکان کو ایک دوسرے کے خلاف سیاسی بیانات دینے سے گریز کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم نے وزرا کے حالیہ بیانات کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ وفاقی کابینہ کے ارکان کے درمیان معاملات باہمی افہام و تفہیم اور اتفاق رائے سے آگے بڑھنے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزرا کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف بیانات سے منفی تاثر پیدا ہوتا ہے اور ترقی و خوشحالی کی سیاست سے توجہ ہٹتی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وفاقی وزرا اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دے رہے ہیں، انہیں اپنی تمام تر توجہ عوامی خدمت، ترقی اور خوشحالی پر مرکوز رکھنی چاہیے۔

وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کے نمائندوں کو بھی ایسے بیانات سے گریز کرنے اور مثبت مکالمے کو فروغ دینے کی ہدایت کی۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایک دوسرے کے خلاف بیانات کا سلسلہ مکمل طور پر بند ہونا چاہیے، سیاسی استحکام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت کی تمام تر توجہ عوامی فلاح و بہبود اور عوام کی بہتری کے منصوبوں پر مرکوز ہے۔ حکومت معاشی استحکام سے پائیدار اقتصادی ترقی کی جانب اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان نے عالمی سطح اور سفارتی محاذ پر کئی اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے ہمیشہ ترقی اور خوشحالی کی سیاست کو فروغ دیا ہے اور حکومت کی ترجیح عوامی خدمت اور ملکی ترقی ہے۔

↑
Exit mobile version