روسی صدر اور بحرین کے ولی عہد کی پاکستان کو یوم آزادی پر مبارکباد

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے پاکستان کو یوم آزادی کے موقع پر مبارکباد دی ہے۔

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے نام اپنے تہنیتی پیغامات میں روسی صدر نے پاکستانی عوام کے لیے امن، خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

دوطرفہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے صدر پیوٹن نے کہا کہ روس اور پاکستان سیاسی، تجارتی، اقتصادی، انسانی اور دیگر شعبوں میں مسلسل مفید تعاون کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ روس اور پاکستان اہم علاقائی اور عالمی امور پر بھی باہمی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔

روسی صدر نے اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک اپنے عوام کے باہمی مفادات کے لیے تمام شعبوں میں دوطرفہ شراکت داری کو مزید مضبوط کریں گے۔

دریں اثنا، بحرین کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ نے بھی صدر آصف علی زرداری کو یوم آزادی کے موقع پر تہنیتی پیغام ارسال کیا۔

بحرین کے ولی عہد اور وزیراعظم نے وزیراعظم شہباز شریف کو بھی اسی نوعیت کا تہنیتی پیغام بھیجا۔

Exit mobile version