وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مواقع کی نشاندہی اور مزید بہتری کے متقاضی شعبوں سے نمٹنے کے لیے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان مسلسل تعاون کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
وہ آج اسلام آباد میں پاکستان بزنس کونسل کے نومنتخب چیئرمین زیاد بشیر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جاوید قریشی سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔
وزیر خزانہ نے بین الاقوامی تجربات سے سیکھنے اور پاکستان کی پالیسیوں اور کاروباری ماحول کو بدلتے ہوئے عالمی طریقہ کار سے ہم آہنگ رکھنے کی اہمیت اجاگر کی۔
انہوں نے امریکی انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ فنانس کارپوریشن (DFC) اور امریکی ایکسپورٹ امپورٹ بینک (EXIM Bank) جیسے اداروں کے ذریعے بین الاقوامی فنانسنگ اور سرمایہ کاری متحرک کرنے کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
محمد اورنگزیب نے ممکنہ سرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں کے سامنے مخصوص، تجارتی طور پر قابلِ عمل اور سرمایہ کاری کے لیے تیار منصوبے پیش کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین زیاد بشیر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جاوید قریشی نے کاروباری برادری کے ساتھ حکومت کے مسلسل روابط کو سراہا اور اقتصادی و مالیاتی اصلاحات کی سمت کا خیرمقدم کیا۔
