وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مالیاتی نظم و ضبط، معاشی اصلاحات اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وہ سنگاپور میں پاکستانی ہائی کمشنر رابعہ شفیق کی جانب سے پاکستان ہائوس میں دئیے گئے ایک عشائیہ کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔
محمد اورنگزیب نے سمندر پار پاکستانیوں کو ملک کا قیمتی اثاثہ اور معاشی ترقی میں اہم شراکت دار قرار دیا۔ انہوں نے بالخصوص بیرونِ ملک پاکستانی کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ پاکستان کو سرمایہ کاری کیلئے ایک پرکشش مقام کے طور پر متعارف کرانے اور پاکستان اور سنگاپور کے سرمایہ کاروں کے درمیان کاروباری روابط اور تعاون کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔
وزیر خزانہ نے پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے دستیاب مواقع پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں کی نجکاری سے قومی خزانے پر مالی بوجھ کم ہوگا اور معاشی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
