وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کے پیداواری شعبوں کو برآمدات میں اضافے کے لیے مؤثر ذرائع میں تبدیل کرنے کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔
وہ آج اسلام آباد میں چین کے اقتصادی امور کے سینئر مشیر پریس سن ڈونگ شینگ کی قیادت میں چینی وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔
وفاقی وزیر نے امید ظاہر کی کہ سی پیک 2.0 زیادہ سے زیادہ کاروباری تعاون (B2B) کے ذریعے پاکستان کے زرعی اور صنعتی شعبوں کو جدید بنانے کے اپنے اہداف حاصل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پاکستان کو برآمدات کے خسارے پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔
احسن اقبال نے نیشنل سینٹر آف نیو مینوفیکچرنگ میں چینی ہم منصبوں کے ساتھ فعال تعاون کی تجویز بھی دی تاکہ صنعتی انقلاب 4.0 اور 5.0 کے لیے جدت، آٹومیشن اور روبوٹکس کے شعبوں میں چین کے تجربات سے استفادہ کیا جا سکے۔
ملاقات میں دونوں جانب سے ترقیاتی ہم آہنگی کو مزید گہرا کرنے، باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو فروغ دینے اور سی پیک 2.0 کو اعلیٰ معیار کی ترقی اور مشترکہ خوشحالی کے اہم محرک کے طور پر آگے بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا گیا۔
