وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے تاریخی مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو سراہا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستانی عوام اور پوری مسلم امہ کے لیے باعثِ فخر ہے۔
عطااللہ تارڑ نے کہا کہ پوری قوم مکہ معاہدے کو بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے پرچم فخر کے ساتھ لہرائے جا رہے ہیں جبکہ اس اہم پیش رفت پر عوام میں خوشی کی لہر ہے۔
وزیر اطلاعات نے اس اہم کامیابی پر پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اب تینوں ممالک اس تاریخی معاہدے کی روشنی میں مل کر آگے بڑھیں گے۔
انہوں نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو تینوں ممالک کے درمیان تعاون کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
