خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 10 خوارج ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران بھارت کے حمایت یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 10 خوارج کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک میں بھارت کے حمایت یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے ایک گروہ نے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر حملے کی کوشش کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے حملے کو ناکام بنا دیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی فورسز کی درست اور مؤثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں 8 خوارج ہلاک ہو گئے۔

دوسری کارروائی ضلع دیر میں کی گئی، جہاں سیکیورٹی فورسز نے مزید 2 خوارج کو ہلاک کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے بھارت کے حمایت یافتہ خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ یہ دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہے تھے۔

بیان کے مطابق علاقے میں موجود کسی بھی مزید خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس (سینیٹائزیشن) آپریشن جاری ہے۔

Exit mobile version