
پاکستان اور صومالیہ کا دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
پاکستان اور صومالیہ نے مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے فوجی سطح پر تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور استعداد کار میں اضافے کے اقدامات کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
اس عزم کا اظہار چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور صومالیہ کے وزیر دفاع احمد معلم فقی کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد کے درمیان راولپنڈی میں ہونے والی ملاقات کے دوران کیا گیا۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور پاکستان و صومالیہ کے درمیان دفاعی و سیکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے کے اقدامات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
صومالیہ کے وزیر دفاع نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کی مسلسل حمایت اور پاکستان کی مسلح افواج کے پیشہ ورانہ کردار کو سراہا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے صومالیہ کے سیکیورٹی نظام کو مضبوط بنانے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پاکستان کے بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔















