وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کے شہر جدہ پہنچ گئے

وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کے شہر جدہ پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی دعوت پر سرکاری دورہ کر رہے ہیں۔

جدہ ایئرپورٹ پر وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی وفد کا پرتپاک استقبال مکہ ریجن کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز، سعودی وزیر ماحولیات، پانی و زراعت عبدالرحمن بن عبدالمحسن الفضلی، سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق اور اعلیٰ سفارتی حکام نے کیا۔

دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ملاقات کریں گے، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات اور باہمی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

وزیراعظم اپنے دورۂ سعودی عرب کے دوران عمرہ کی سعادت بھی حاصل کریں گے اور مدینہ منورہ میں روضۂ رسول ﷺ پر حاضری دے کر سلام پیش کریں گے۔

وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف اور عطا اللہ تارڑ، جبکہ وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وفد میں شامل ہیں۔

Exit mobile version