ایران اور پاکستان کے تعلقات کا مقام بلند چوٹیوں کی طرح عظیم ہے: ایرانی سفیر

ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات کا مقام اور وقار دماوند اور کے ٹو کی بلند چوٹیوں کی طرح عظیم ہے۔

انہوں نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر ایک پیغام میں کہا کہ ایران اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات اس مقام تک پہنچ چکے ہیں جہاں کوئی بھی چیلنج، واقعہ یا بیرونی عنصر دونوں ممالک کے درمیان محبت، دوستی اور بھائی چارے کو کمزور نہیں کر سکتا۔

رضا امیری مقدم نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے تاریخی تعلقات نے ہمیشہ وقت کی آزمائش کا کامیابی سے سامنا کیا ہے۔ صدیوں پر محیط مشترکہ تاریخ، تہذیب، عقیدے اور ثقافت پر قائم یہ رشتہ آج بھی مضبوط اور پائیدار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان ایک دوسرے کو تسلیم کرنے والے پہلے ملک تھے۔

ایرانی سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے پارلیمنٹیرین ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ تعاون اور یکجہتی کا اظہار کرتے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حکومت کی جارحیت کے پہلے ہی روز پاکستانی پارلیمنٹ کے ارکان نے ایران کی حمایت میں قرارداد منظور کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ صدرِ ایران کی موجودگی میں ایرانی پارلیمنٹ کے ارکان نے "پاکستان تشکر” کے نعرے لگائے، جبکہ ایران کے عوام نے بھی سڑکوں پر ایران اور پاکستان کے پرچم ایک ساتھ لہرا کر اسی جذبے کا اظہار کیا۔

Exit mobile version