راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے گئے ایک آپریشن کے دوران بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے پانچ خوارج کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ آپریشن بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں اپنے جوانوں کی قیادت اگلے مورچوں سے کرنے والے بہادر افسر میجر حافظ احسان الٰہی دشمن سے دلیری کے ساتھ لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ یہ دہشت گرد سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں اور معصوم شہریوں کے قتل سمیت متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگر بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس (سینیٹائزیشن) آپریشن جاری ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ عزمِ استحکام کے تحت جاری انسدادِ دہشت گردی مہم ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گی۔
آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وطن کے بہادر سپاہیوں کی یہ عظیم قربانیاں ملک کے دفاع اور سلامتی کے لیے ہر قیمت پر اپنے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔
