وزیراعظم شہباز شریف اور عراقی صدر کی ملاقات، علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور عراق کے صدر نزار محمد سعید عامدی کے درمیان کوپ 31 سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی، جس میں علاقائی اور عالمی پیش رفت سمیت دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے عراقی صدر اور برادر عراقی عوام کو کامیاب پارلیمانی انتخابات کے انعقاد اور نئی حکومت کی تشکیل پر مبارکباد دی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے عراق کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، قومی اتحاد اور استحکام کے لیے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے مشترکہ مذہبی عقیدے، تاریخی روابط اور عوامی سطح پر مضبوط تعلقات پر مبنی پاکستان اور عراق کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔

دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے اعلیٰ سطحی دوروں اور ادارہ جاتی روابط کے تسلسل کو اہم قرار دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے عراقی صدر کو باہمی سہولت کے مطابق پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کے تمام اہم پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا، جن میں تجارت، سرمایہ کاری، افرادی قوت، تعمیر نو، زراعت اور دفاعی تعاون خصوصی طور پر زیر بحث آئے۔

وزیراعظم نے پاکستانی زائرین کو سہولتیں فراہم کرنے پر عراق کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی اپنے خیالات کا تبادلہ کیا اور کثیرالجہتی عالمی فورمز پر قریبی رابطہ کاری اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

↑
Exit mobile version