پاکستان نے غزہ امن منصوبے پر عمل درآمد کے سلسلے میں بورڈ آف پیس کے تحت ہونے والی مثبت پیش رفت کا خیرمقدم کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان امریکہ، مصر، قطر اور ترکیہ سمیت ثالثی کرنے والے ممالک کی مسلسل کوششوں کو بھی سراہتا ہے اور توقع رکھتا ہے کہ یہ پیش رفت غزہ امن منصوبے کے تحت کیے گئے تمام وعدوں پر مکمل عمل درآمد کی راہ ہموار کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو یقین ہے کہ یہ کوششیں بین الاقوامی قانون، بین الاقوامی اصولوں اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ایک قابلِ اعتماد اور مقررہ مدت پر مبنی سیاسی عمل کے ذریعے فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول میں معاون ثابت ہوں گی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ یہ سیاسی عمل بالآخر 1967 سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک آزاد، خودمختار، جغرافیائی طور پر مربوط اور قابلِ عمل فلسطینی ریاست کے قیام پر منتج ہونا چاہیے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔
