عوامی جمہوریہ چین کی پیپلز لبریشن آرمی (PLA) کے قیام کی 99ویں سالگرہ کی تقریب جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور چین کے تعلقات کی پائیدار مضبوطی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی دوستی منفرد، آزمودہ اور وقت کی ہر کسوٹی پر پوری اتری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے علاقائی اور عالمی چیلنجز کے باوجود پاکستان اور چین کے تعلقات ہمیشہ مضبوط اور مستحکم رہے ہیں۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور پیپلز لبریشن آرمی باہمی اعتماد، غیر متزلزل تعاون، علاقائی امن و استحکام اور مشترکہ اسٹریٹجک مفادات کے تحفظ کے لیے حقیقی شراکت دار ہیں۔
انہوں نے پیپلز لبریشن آرمی کو اس کے قیام کی 99ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے چین کے دفاع، قومی ترقی اور عالمی امن و سلامتی کے لیے اس کی نمایاں خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے تقریب کے انعقاد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی نمایاں خدمات اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے پاکستان کے لیے چین کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔
چینی سفیر نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ چین، پاکستان اور چین کے درمیان ہر موسم کی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔
