وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وزیراعظم نے یہ بات آج اسلام آباد میں وزارتِ خارجہ کی جانب سے قونصلر سروسز کی بہتری کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور حکومت ان کی سہولت کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کی آسانی کے لیے پاور آف اٹارنی، جائیداد کی خرید و فروخت اور دستاویزات کی تصدیق کے عمل کو سہل بنانے کے لیے کیو آر کوڈ پر مبنی نظام متعارف کرا دیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے شکایات کے اندراج کے نظام کو کیو آر کوڈ کے ذریعے ڈیجیٹلائز کرنے کا خیرمقدم کیا اور ہدایت کی کہ پاکستانی سفارت خانوں میں یہ کیو آر کوڈ نمایاں مقامات پر آویزاں کیے جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔انہوں نے بیرونِ ملک پاکستانیوں میں شکایات کے اندراج کے نظام سے متعلق آگاہی مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس طریقہ کار سے مستفید ہو سکیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ عوام کی سہولت کے لیے وزارتِ خارجہ کے اسلام آباد دفتر میں حال ہی میں شام کی شفٹ بھی شروع کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اسلام آباد کے آسان خدمت مرکز میں دستاویزات کی تصدیق کی سہولت بھی فراہم کر دی گئی ہے۔وزارتِ خارجہ نے دستاویزات کی تصدیق کے لیے کورئیر سروس بھی متعارف کرا دی ہے، جبکہ اس عمل کو تیز بنانے کے لیے نظام کو ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)، انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن، نادرا اور نیشنل پولیس بیورو کے ڈیٹا بیس سے منسلک کر دیا گیا ہے۔
