وزیراعظم کی تمام زیرِ تعمیر دانش سکول مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ معاشی طور پر پسماندہ خاندانوں کے بچوں کو تعلیم اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وہ آج اسلام آباد میں دانش اتھارٹی بورڈ کے پہلے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دانش سکول اسی اصول کے تحت قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ پسماندہ پس منظر سے تعلق رکھنے والے مستحق طلبہ کو میرٹ کی بنیاد پر داخلہ اور معیاری تعلیم فراہم کی جا سکے۔

انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ زیرِ تعمیر تمام دانش سکولوں کا کام مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور تمام نئے اور جاری کیمپسز میں طلبہ کیلئے سو فیصد رہائشی سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔

شہباز شریف نے ہدایت کی کہ وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اشتراک سے انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، روبوٹکس اور دیگر ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کو دانش سکولوں کے نصاب کا لازمی حصہ بنایا جائے۔

انہوں نے نصاب میں پروجیکٹ و مہارت پر مبنی اور شخصیت سازی کے کورسز شامل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں 29 دانش سکول قائم کرنے کی تجویز دی گئی جن میں سے 15 کی منظوری دی جا چکی ہے اور 13 پر کام جاری ہے جبکہ اسلام آباد کے علاقے کری میں واقع دانش سکول میں کلاسوں کا آغاز بھی ہو چکا ہے۔

Exit mobile version