وزیراعظم کی یوتھ کروم بکس اسکیم کا باضابطہ آغاز، طلبہ میں پانچ لاکھ کروم بکس تقسیم ہوں گی

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر کے باصلاحیت طلبہ کو جدید ڈیجیٹل سہولیات فراہم کرنے کے لیے وزیراعظم یوتھ کروم بکس اسکیم کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ اسکیم کے تحت دو سال میں پانچ لاکھ کروم بکس تقسیم کی جائیں گی۔

اسلام آباد میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کروم بکس کی تقسیم خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر کی جائے گی اور طلبہ کے معاشی پس منظر یا تعلیمی ادارے کی نوعیت کی بنیاد پر کوئی امتیاز نہیں برتا جائے گا۔

وزیراعظم کے مطابق کروم بکس کے ساتھ طلبہ کو بیگ اور ایم آئی فائی (MiFi) ڈیوائس بھی فراہم کی جا رہی ہے، تاکہ وہ ڈیجیٹل ذرائع سے تعلیم جاری رکھ سکیں، ای لائبریریوں تک رسائی حاصل کریں اور علم کے حصول کے نئے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دینی مدارس میں زیرِ تعلیم باصلاحیت طلبہ کو بھی مساوی تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ دس برسوں میں چھ لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے، جبکہ اب حکومت کا ہدف صرف دو سال میں پانچ لاکھ کروم بکس فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے اس اقدام میں تعاون پر بیرونِ ملک مقیم پاکستانی راشد منہاس کا شکریہ بھی ادا کیا۔

https://news.com.pk/wp-content/uploads/2026/10/A80HeUYsBX-aupE6.mp4

وزیراعظم نے مزید کہا کہ مستحق طلبہ کو معیاری تعلیم، جدید سہولیات اور سازگار تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے دانش اسکولوں کے نیٹ ورک کو بھی وسعت دی جا رہی ہے، جہاں طلبہ پر کوئی مالی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔

تقریب کے دوران وزیراعظم نے باصلاحیت طلبہ میں کروم بکس اور ایم آئی فائی ڈیوائسز بھی تقسیم کیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ حکومت ملک کے تعلیمی نظام کو عالمی رجحانات سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم پر سرمایہ کاری براہِ راست معیشت کی تعمیر اور ملک کے مستقبل کو محفوظ بنانے میں مدد دیتی ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کی پندرہ کروڑ نوجوانوں پر مشتمل آبادی کوئی بوجھ نہیں بلکہ ایک قیمتی اثاثہ ہے، جسے قومی ترقی کا اہم محرک بنایا جا سکتا ہے۔
وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ کروم بکس کے ساتھ پانچ لاکھ طلبہ کو تیز رفتار انٹرنیٹ کنکشن بھی فراہم کیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ہر انٹرنیٹ کنکشن سے پانچ افراد تک فائدہ اٹھا سکیں گے، جس سے ملک بھر میں تقریباً پچیس لاکھ افراد کو ڈیجیٹل سہولیات تک رسائی حاصل ہو سکے گی۔

رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور انہیں عزت دینا وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کا بنیادی حصہ ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹوکیو ٹیکنالوجی کیئر فاؤنڈیشن کے چیئرمین راشد منہاس نے بتایا کہ فاؤنڈیشن نے حکومت کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں، جس کا مقصد اسکولوں اور دینی مدارس کے طلبہ کی ڈیجیٹل سہولیات تک رسائی کو وسعت دینا ہے۔

انہوں نے نوجوانوں کے لیے تعلیم، ہنر مندی اور روزگار کے مواقع کو فروغ دینے کے حکومتی اقدامات کو سراہا۔

↑
Exit mobile version