فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کاروبار دوست اصلاحات اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ پر زور

چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان میں کاروبار دوست ماحول کے فروغ اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے حصول کے لیے جاری ساختی اصلاحات پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔

یہ بات انہوں نے راولپنڈی میں امریکی ایوانِ نمائندگان کے ارکان رائن کیتھ زنکے (ریاست مونٹانا) اور مائیکل جیمز (ریاست واشنگٹن) سے ملاقات کے دوران کہی۔

ملاقات میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان کی وسیع اقتصادی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار علاقائی استحکام کا انحصار معاشی ترقی، تجارت کے فروغ اور علاقائی روابط پر ہے۔

دورانِ ملاقات باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، دوطرفہ دفاعی تعاون اور اقتصادی اشتراک و خوشحالی کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

امریکی وفد نے خطے میں استحکام اور اقتصادی مضبوطی کے لیے پاکستان کے اہم کردار کو سراہا۔

وفد کے پیشہ ورانہ تجربے اور بصیرت کو مدنظر رکھتے ہوئے دونوں فریقین نے دوطرفہ اقتصادی روابط، نجی شعبے کی شراکت داری اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے مواقع پر بھی گفتگو کی۔

امریکی وفد نے پرتپاک میزبانی پر عسکری قیادت کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور ادارہ جاتی روابط کو مزید گہرا کرنے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔

Exit mobile version