اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے نومنتخب صوبائی حکومت کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے یہ بات آج اسلام آباد میں گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ امجد حسین سے ملاقات کے دوران کہی۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کی خوشحالی کے لیے قابلِ تجدید توانائی، سیاحت، بنیادی ڈھانچے، صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔
شہباز شریف نے بتایا کہ وفاقی حکومت کے ترجیحی منصوبوں میں 100 میگاواٹ شمسی توانائی منصوبہ اور گلگت بلتستان میں دانش اسکولز کا قیام شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ علاقے کے عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے گلگت میں پاکستان آسان خدمت مرکز قائم کرنے کی منصوبہ بندی بھی کی جا رہی ہے۔
وزیراعظم نے امجد حسین کو گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ نئی صوبائی حکومت علاقے کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گی۔
