فیفا ورلڈ کپ 2026 :سپین ارجنٹینا کو شکست دیکر دوسری بار عالمی چیمپئن بن گیا

 فیفا ورلڈکپ 2026 کے فائنل میں اسپین نے دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کو 0-1 سے شکست دے کر دوسری بار ورلڈکپ جیت لیا۔نیویارک میں کھیلے گئے فیصلہ کن معرکے کے پہلے ہاف کی ابتدا میں اسپین کی ٹیم چھائی رہی جس نے دفاعی چیمپئن ٹیم کے گول پر کئی حملے کیے لیکن سبقت حاصل نہ کرسکی۔

اس ہاف میں اسپین کا دفاع اتنا مضبوط رہا کہ ارجنٹینا کو حریف ٹیم کے گول پر ایک بھی شاٹ لگانے کا موقع نہ مل سکا۔وقفے پر مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

دوسرے ہاف میں بھی یہی صورتحال رہی ،کھیل کا مقررہ وقت ختم ہونے سے قبل اسپین کے کھلاڑی پر فاؤل کرنے کے سبب ارجنٹینا کے فرنانڈس کو ریفری نے ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا جس کے بعد ارجنٹینا کی ٹیم کو بقیہ وقت میں 10 کھلاڑیوں سے کھیلنا پڑا۔

ارجنٹینا کی ٹیم اس ہاف میں بھی اسپین کے گول کی جانب ایک شاٹ بھی نہیں لگاسکی ۔کھیل کا ریگولر ٹائم بغیر کسی گول کے ختم ہوگیا۔

اضافی وقت کے پہلے ہاف میں بھی مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا، پھر آیا اضافی وقت کا دوسرا اور فیصلہ کن ہاف جس کی ابتدا میں ہی اسپینش کھلاڑی فیرن ٹوریس کو گول کرنے کا موقع مل گیا جو اُنہوں نے ضائع نہیں کیا۔


خسارے میں جانے کے بعد ارجنٹینا کے کھلاڑیوں نے گول کرنے کی بہت کوشش کی مگر وہ کامیاب نہ ہوسکے۔یوں دفاعی چیمپئن ٹیم ایک صفر سے شکست کے نتیجے میں اعزاز برقرار نہ رکھی سکی اور اسپین کی ٹیم 16 برس بعد دوسری مرتبہ چیمپئن بن گئی۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی فٹبال چیمپئن اسپین کو ٹرافی اور کھلاڑیوں کو ایوارڈز دیے۔

Exit mobile version