
پاکستان سمیت دنیا بھر میں فیس بک اور انسٹاگرام کی سروسز بحال
پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز فیس بک اور انسٹاگرام کی سروسز چند گھنٹوں تک متاثر رہنے کے بعد بحال ہوگئیں۔
عارضی تکنیکی خرابی کے باعث متعدد صارفین کو اپنے اکاؤنٹس تک رسائی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ صارفین کے مطابق ایپ یا ویب سائٹ پر سائن اِن کرنے کی کوشش کے دوران “اکاؤنٹ عارضی طور پر دستیاب نہیں” کا پیغام موصول ہو رہا تھا، جس میں بتایا گیا کہ سائٹ میں تکنیکی مسئلے کے باعث سروس متاثر ہوئی ہے اور کچھ دیر بعد دوبارہ کوشش کی جائے۔
ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے کے قریب فیس بک کی سروس متاثر ہونے کی رپورٹس میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ متعدد صارفین نے سروس میں خرابی کی اطلاع سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر بھی شیئر کی۔
چند گھنٹوں بعد دونوں پلیٹ فارمز کی سروسز معمول پر آگئیں، تاہم میٹا کی جانب سے تاحال اس تکنیکی خرابی کی وجوہات یا اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔















