فیفا ورلڈ کپ کے تیسرے نمبر کے پلے آف میں انگلینڈ نے سنسنی خیز اور ہائی اسکورنگ مقابلے کے بعد فرانس کو 4 کے مقابلے میں 6 گول سے شکست دے کر تیسری پوزیشن اپنے نام کر لی۔
میچ کے آغاز سے ہی انگلینڈ نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور پہلے ہی ہاف میں ڈیکلن رائس، ایزری کونسا اور بوکایو ساکا کے دو گولز کی بدولت 0-4 کی برتری حاصل کر لی۔
دوسرے ہاف میں فرانس نے شاندار واپسی کی کوشش کی۔ کائلیان ایمباپے نے دو جبکہ بریڈلی بارکولا اور عثمان ڈیمبیلے نے ایک، ایک گول اسکور کیا، تاہم انگلینڈ نے برتری برقرار رکھی۔
بوکایو ساکا نے 87ویں منٹ میں پنالٹی پر اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی، جبکہ جوڈ بیلنگھم نے انجری ٹائم کے آٹھویں منٹ میں گول کرکے انگلینڈ کی 4-6 سے فتح پر مہر ثبت کر دی۔
اس شاندار کارکردگی کے ساتھ بوکایو ساکا فیفا ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں ہیٹ ٹرک کرنے والے انگلینڈ کے صرف دوسرے کھلاڑی بن گئے۔ اس سے قبل 1966ء کے ورلڈ کپ فائنل میں سر جیوف ہرسٹ نے یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔
یہ فتح انگلینڈ کی 1966ء میں عالمی چیمپئن بننے کے بعد ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی بھی قرار دی جا رہی ہے، جبکہ یہ انگلینڈ کی بیرونِ ملک کھیلے گئے کسی بھی ورلڈ کپ میں اب تک کی بہترین پوزیشن ہے۔
دوسری جانب فرانس نے ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک ہی میچ میں چھ گولز کھائے، جبکہ کائلیان ایمباپے نے اپنے دو گولز کے ساتھ ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 22 گولز مکمل کرتے ہوئے گولڈن بوٹ کی دوڑ میں برتری حاصل کر لی۔
