محمد یوسف کی شاندار سنچری، پاکستان نےسری لنکا کیخلاف پانچ میچوں کی سیریز 1-4 سے جیت لی

پاکستان انڈر 17 کرکٹ ٹیم نے پانچویں ون ڈے میچ میں سری لنکا انڈر 17 کو 27 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز 1-4 سے جیت لی۔ فیصلہ کن مقابلے میں پاکستانی بلے باز محمد یوسف نے شاندار سنچری اسکور کی اور سیریز میں اپنی دوسری ون ڈے سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔

پانچویں میچ میں پاکستان انڈر 17 نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 283 رنز بنائے۔ محمد یوسف نے 105 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جس میں 12 چوکے شامل تھے۔

کپتان اذان احمد نے بھی بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 92 گیندوں پر 91 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 6 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ محمد یوسف اور اذان احمد کے درمیان 138 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی، جس نے پاکستان کو مضبوط مجموعہ ترتیب دینے میں مدد دی۔

284 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا انڈر 17 کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 256 رنز بنا سکی، یوں پاکستان نے مقابلہ 27 رنز سے جیت لیا۔ سری لنکا کی جانب سے سندارو ملشن نے نصف سنچری اسکور کی، جبکہ پاکستان کے محمد صائم نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

سری لنکا انڈر 17 کے دورۂ پاکستان میں محمد یوسف کی کارکردگی نمایاں رہی۔ انہوں نے ایک ریڈ بال سنچری کے علاوہ دو ون ڈے سنچریاں اسکور کیں اور مجموعی طور پر چھ میچوں میں 472 رنز بنائے۔

پاکستان کے فاسٹ باؤلر فہد اقبال نے بھی دورے کے دوران عمدہ کارکردگی دکھائی اور پانچ ون ڈے میچوں اور ایک تین روزہ میچ میں مجموعی طور پر 17 وکٹیں حاصل کیں۔

↑
Exit mobile version