پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے 14 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، بابر اعظم ٹیم کی قیادت کریں گے، جبکہ تین بلے بازوں سمیر منہاس، محمد طحہ اور محمد سلیمان کو پہلی مرتبہ ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز 9 سے 21 نومبر تک کھیلی جائے گی۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ 9 سے 13 نومبر تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم، جبکہ دوسرا ٹیسٹ 17 سے 21 نومبر تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔
قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں عبداللہ فضل، عرفات منہاس، اذان اویس، محمد عباس، رضااللہ، سعود شکیل، وکٹ کیپر محمد غازی غوری اور سعد بیگ بھی شامل ہیں۔ سلمان علی آغا اور لیفٹ آرم اسپنر علی عثمان کو بھی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
پی سی بی نے سری لنکا کے خلاف تین روزہ وارم اپ میچ کے لیے 13 رکنی پیٹرنز الیون کا اعلان بھی کیا ہے، جس کی قیادت سعد بیگ کریں گے۔ وارم اپ میچ 4 سے 6 نومبر تک اسلام آباد کلب میں کھیلا جائے گا۔
پیٹرنز اسکواڈ میں عبداللہ فضل، علی عثمان، اذان اویس، محمد سلیمان، محمد طحہ اور سمیر منہاس کے علاوہ فاسٹ باؤلرز محمد سلمان، شعیب اختر جونیئر، علی شبیر، ثاقب خان اور عبید شاہ شامل ہیں۔ بلے باز محمد طیب عارف بھی پیٹرنز الیون کا حصہ ہوں گے۔
وارم اپ میچ کے اختتام پر پیٹرنز اسکواڈ میں شامل دو مزید فاسٹ باؤلرز کو قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیا جائے گا۔
