پائیدار اور محفوظ شہروں کی تعمیر پاکستان کی ترجیح ہے: رانا مشہود

وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان مضبوط، جامع اور پائیدار شہروں کی تعمیر کے لیے پرعزم ہے۔

وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں نیو اربن ایجنڈا کے وسط مدتی جائزہ (Midterm Review) سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ یہ جائزہ عالمی برادری کے لیے اس بات کا اہم موقع ہے کہ وہ تیزی سے بڑھتی ہوئی شہری آبادی کے باعث رہائش، ٹرانسپورٹ، عوامی تحفظ اور ماحولیاتی چیلنجز کا جائزہ لے اور نیو اربن ایجنڈا پر عملدرآمد کے عزم کی تجدید کرے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، یو این ہیبی ٹیٹ (UN-Habitat) کے تعاون سے ایک قومی شہری حکمت عملی (National Urban Strategy) تشکیل دے رہا ہے، جس میں شہری منصوبہ بندی کو موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے خطرات سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 2025 کے تباہ کن شہری اور دریائی سیلاب میں ایک ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

رانا مشہود نے کہا کہ سیلاب کے بعد بحالی کے پروگرام کے تحت بے گھر خاندانوں کے لیے چار لاکھ سے زائد گھروں کی تعمیر نو کی جا چکی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت کم لاگت اور کم کاربن اخراج والی پبلک ٹرانسپورٹ کو فروغ دے رہی ہے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے سماجی تحفظ کو مضبوط بنایا جا رہا ہے، جبکہ سیف سٹی منصوبے کو ریئل ٹائم مانیٹرنگ اور مربوط کمانڈ سینٹرز کے ذریعے مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

نوجوانوں کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ پاکستان کی تقریباً 67 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے، جو ملک کے شہری مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت شروع کیے گئے “پرعزم پاکستان” اقدام کے ذریعے نوجوانوں کو قومی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے مہارتوں کی ترقی، روزگار اور کاروباری مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔

رانا مشہود احمد خان نے عالمی تعاون کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک کے ساتھ اپنے تجربات کا تبادلہ کرنے اور پائیدار شہری ترقی کے لیے عوامی فلاح پر مبنی عملی حل پیش کرنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ نیو اربن ایجنڈا کے وسط مدتی جائزے سے موجودہ اور آنے والی نسلوں کے لیے مثبت اور مؤثر نتائج برآمد ہوں گے۔

Exit mobile version