جنوبی افریقہ کی انڈر 19 ویمنز ٹیم نے پاکستان کی انڈر19 ویمنز ٹیم کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 4 وکٹوں سے شکست دیدی

ویمنز انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز کا شاندار آغاز کیا۔ نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے 104 رنز کا ہدف 16 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا اور 24 گیندیں قبل کامیابی اپنے نام کی۔

پاکستان کی جانب سے بائیں ہاتھ کی فاسٹ بولر شہر بانو نے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، تاہم ان کی کوشش ٹیم کو فتح نہ دلا سکی۔ انہوں نے بیٹنگ میں صرف 7 گیندوں پر جارحانہ انداز میں ناقابل شکست 18 رنز بنائے، جس میں دو چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، جبکہ بولنگ میں 3 اوورز میں 16 رنز دے کر 2 اہم وکٹیں بھی حاصل کیں۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے چینل وینٹر نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 32 گیندوں پر 41 رنز بنائے، جس میں 3 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ انہوں نے اوپننگ پارٹنر کرس میری بیزائیڈن ہاؤٹ (22) کے ساتھ پہلی وکٹ کے لیے 47 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ بہترین کارکردگی پر چینل وینٹر کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

پاکستان کی بائیں ہاتھ کی اسپنر ماہم نزاکت نے اپنے پہلے ہی میچ میں عمدہ آغاز کرتے ہوئے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شہر بانو نے درمیانی اوورز میں دو اہم شکار کر کے جنوبی افریقہ پر دباؤ بڑھانے کی کوشش کی، تاہم مہمان ٹیم ہدف حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

اس سے قبل پاکستان کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور ابتدائی تین وکٹیں بغیر کوئی رن بنائے گر گئیں۔ اس مشکل صورتحال میں عقصیٰ حبیب نے 50 گیندوں پر 38 رنز اور ذوفشان ایاز نے 40 گیندوں پر 30 رنز بنا کر چوتھی وکٹ کے لیے 61 رنز کی شراکت قائم کی۔ کپتان فضہ فیاض نے بھی 14 رنز کی مفید اننگز کھیلی، جبکہ آخر میں شہر بانو کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 103 رنز بنانے میں کامیاب رہا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے لیگ اسپنر ایشلے وین ویک نے 15 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ میا لیلر نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پانچ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 17 جولائی کو اسی میدان، نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے کھیلا جائے گا۔

مختصر اسکور:

پاکستان ویمنز انڈر 19: 103/6 (20 اوورز)
عقصیٰ حبیب 38، ذوفشان ایاز 30، شہر بانو 18*
ایشلے وین ویک 3-15، میا لیلر 2-21

جنوبی افریقہ ویمنز انڈر 19: 104/6 (16 اوورز)
چینل وینٹر 41، کرس میری بیزائیڈن ہاؤٹ 22
شہر بانو 2-16، ماہم نزاکت 2-17

پلیئر آف دی میچ: چینل وینٹر (جنوبی افریقہ ویمنز انڈر 19)

Exit mobile version