چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترکیہ کے سرکاری دورے کے دوران ترکیہ کی سیاسی اور عسکری قیادت کے ساتھ اعلیٰ سطح کی کئی ملاقاتیں کی ہیں۔
اس دورے کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط تذویراتی اور دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنا ہے۔
فیلڈ مارشل کی آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا جو دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا عکاس تھا۔
دورے میں انہوں نے ترک صدر رجب طیب اردوان اور قومی دفاع کے وزیر Yasar Gular سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی اور علاقائی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
فیلڈ مارشل کا ترک جنرل اسٹاف ہیڈ کوارٹرز میں گارڈ آف آنر کے ساتھ استقبال کیا گیا۔ انہوں نے ترک جنرل اسٹاف کے سربراہ جنرل Selcuk Bayraktaroglu کے ساتھ تفصیلی ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی سلامتی کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔
جنرل Selcuk Bayraktaroglu نے فیلڈ مارشل کو دوطرفہ عسکری تعاون کو فروغ دینے کیلئے شاندار خدمات اور عزم کے اعتراف میں ترک مسلح افواج کے Distinguished سروس میڈل سے نوازا۔
فیلڈ مارشل نے ترک بری فوج کے ہیڈ کوارٹرز کا بھی دورہ کیا، جہاں ترک بری فوج کے کمانڈر جنرل Metin Tokel نے ان کا استقبال کیا۔
فیلڈ مارشل مصطفی کمال اتاترک کے مزار Anitkabir پر گئے جہاں انہوں نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور جدید ترکیہ کے بانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اتاترک کی بصیرت افروز قیادت اور دونوں ملکوں کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات کو بھی سراہا۔
