
پاکستان میں پیٹرول کی قیمتیں بنگلہ دیش، سری لنکا اور ترکیہ سے کم جبکہ بھارت کے تقریباً برابر ہیں، علی پرویز ملک
پیٹرولیم قیمتوں کے تعین کے نظام میں اصلاحات پر وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی کا اجلاس آج وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی صدارت میں اسلام آباد میں ہوا۔
اجلاس میں عالمی مارکیٹ کے تناظر میں پیٹرولیم قیمتوں کے تعین کے مختلف طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا۔
کمیٹی نے سفارش کی کہ اوگرا روزانہ پیلاٹس(Platts)قیمتوں کا ڈیٹا ویب سائٹ پر جاری کرے تاکہ عوام کو قیمتوں کے تعین کا بینچ مارک معلوم ہو سکے۔
اس موقع پرعلی پرویز ملک نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی دوبارہ بندش سے عالمی توانائی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوئی جس سے کمیٹی کی ذمہ داری مزید اہم ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کے پی ایم جی سٹڈی کے مطابق پاکستان میں پیٹرول کی قیمتیں بنگلہ دیش، سری لنکا اور ترکیہ سے کم جبکہ بھارت کے تقریباً برابر ہیں۔
وزیر پٹرولیم نے کہا کہ مقامی ڈیزل پیداوار بڑھانے اور درآمدی ڈیزل پر انحصار کم کرنے کے لیے ریفائنری پالیسی میں ترامیم تجویز کر دی ہیں۔ مقامی ڈیزل پیداوار میں اضافہ پاکستان کی توانائی سلامتی کو مزید مضبوط بنائے گا۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ پیٹرولیم پرائسنگ کمیٹی کا آئندہ اجلاس حتمی ہوگا جس کے بعد سفارشات وزیراعظم کو پیش کی جائیں گی۔















